جو بائیڈن کی تجویز کے بعد اسرائیل نے رفح پر ٹینکوں سے حملہ کر دیا

امریکی صدر جو بائیڈن کی تجویز کے فوراً بعد اسرائیل نے رفح پر ٹینکوں سے حملہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کے مجوزہ معاہدے کی تفصیلات پیش کرنے کے چند گھنٹوں بعد اسرائیلی افواج نے جنوبی غزہ کے شہر رفح پر ٹینکوں اور توپ خانے سے حملہ کر دیا۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل تب تک جنگ جاری رکھے گا جب تک حماس کی تباہی سمیت تمام مقاصد پورے نہ ہو جائیں، حماس کا خاتمہ جنگ بندی کے اسرائیلی منصوبے کا حصہ ہے۔اسرائیلی وزیر اعظم نے بدستور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا اسرائیل کی شرائط میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، ہم حماس کی عسکری اور گورننگ صلاحیتوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔صدر بائیڈن کے مطابق فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس اب اسرائیل پر بڑے پیمانے پر حملہ کرنے کے ’قابل نہیں رہی‘ ہے۔ انھوں نے تجویز پیش کی کہ پہلا مرحلہ 6 ہفتے تک ابتدائی جنگ بندی کا ہوگا، جس میں اسرائیلی فوج غزہ سے نکل جائے گی، یرغمالیوں اور سیکڑوں فلسطینی قیدیوں کا تبادلہ ہوگا، فلسطینی شہری غزہ واپس جائیں گے اور غزہ میں یومیہ 600 امدادی ٹرک پہنچیں گے۔دوسرے مرحلے میں اسرائیل اور حماس جنگ کے مستقل خاتمے کی شرائط پر بات چیت کریں گے، صدر بائیڈن نے کہا جب تک مذاکرات جاری رہیں گے جنگ بندی قائم رہے گی، تیسرے مرحلے میں غزہ کی تعمیر نو ہوگی۔حماس نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے سے متعلق امریکی صدر جو بائیڈن کی تجویز مثبت قرار دے دی، اور کہا کہ وہ صدر بائیڈن کی جنگ بندی کی تجویز کو ’’مثبت طور پر‘‘ دیکھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں