اسرائیل چاہتا ہےسب ختم کردے،غزہ دوبارہ آبادنہ ہو: پاکستانی امریکن خاتون ڈاکٹر

غزہ کا دورہ کرنیوالی پاکستانی امریکن خاتون ڈاکٹر حنا چیمہ نے کہا ہے کہ لگتا ہے اسرائیل چاہتا ہے سب ختم کردے، غزہ دوبارہ آباد نہ ہو، غزہ میں تباہ حال فلسطینی اللہ پر بھروسہ کیے بیٹھے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسرائیل نے غزہ پر بمباری کرکے مزید 60 فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے جبکہ جبالیہ پناہ گزیں کیمپ میں ملبے سے 20 بچوں سمیت 70 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔پاکستانی امریکن خاتون ڈاکٹر حنا چیمہ کا کہنا تھا کہ امریکا سے طبی عملے کے 3 سو سے زائد افراد غزہ جا چکے ہیں، 30 ڈاکٹر ڈیلس سے غزہ گئے جو زیادہ ترپاکستانی امریکن تھے۔ ڈاکٹر حنا چیمہ نے بتایا کہ وہ امریکا سے حال ہی میں غزہ گئی تھیں جہاں انہوں نے اماراتی اسپتال کے زچہ بچہ وارڈ میں خدمات انجام دیں۔انہوں نے بتایا کہ غزہ میں چونکہ تقریبا تمام ہی اسپتال اسرائیلی بمباری کا نشانہ بن چکے ہیں، اسلیے بچے کچے طبی مراکز پر انتہائی دباو ہے، جس اماراتی اسپتال میں وہ خدمات انجام دینے گئی تھیں وہ محض 42 بستروں پر مشتمل تھا مگر وہاں تین سو سے چار سو مریضوں کو طبی سہولت دی جارہی تھی جبکہ بہت سی حاملہ خواتین ایسی تھیں جنہیں جگہ نہ ہونے کی وجہ سے واپس بھیجنا پڑتا تھا۔ڈاکٹرحنا نے بتایا کہ وہ امریکا واپس آکر بھی فلسطینی ڈاکٹروں سے رابطے میں ہیں اور وہاں موجود طبی عملے نے بتایا ہے کہ اسرائیل نےاُس اماراتی اسپتال کا مرکزی دروازہ تباہ کردیا ہے اور جو فلسطینی اماراتی اسپتال آتےہیں انہیں بموں سےنشانہ بنایا جاتا ہے جب کہ بم اور ڈرون حملوں کے خوف سے فلسطینی ڈاکٹر بھی اب اماراتی اسپتال نہیں جا پارہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں