کرکٹ کا نیا حکمران کون ہوگا؟ ٹی20 ورلڈکپ کا امریکہ میں آغاز
آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب آج نیویارک میں ہوگی، میگا ایونٹ کا پہلا میچ امریکا اور کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان ڈیلاس میں کھیلا جائے گا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی20 ورلڈکپ 2024 کا باضابطہ آغاز ہوگیا، مختصر فارمیٹ کے سب سے بڑے معرکے کا آغاز میزبان ٹیم امریکا اور کینیڈا کی ٹیموں کے درمیان میچ سے ہوگا، ایونٹ کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز اور پاپوا نیوگنی کی ٹیمیں گیانا میں مدمقابل ہوں گی۔ٹی 20ورلڈکپ کا تیسرا میچ نمیبیا اور عمان کے درمیان بارباڈوس میں 2 جون کو ہی کھیلا جائے گا، 3 جون کو 2 میچز کھیلیں جائیں گے، پہلے میچ میں سری لنکا – جنوبی افریقا اور دوسرے میچ میں افغانستان – یوگانڈا مدمقابل ہوں گے۔دوسری جانب پاکستانی ٹیم انگلینڈ سے ٹی20 سیریز ہارنے کے بعد لندن سے امریکی شہر ڈیلاس پہنچ چکی ہے، جہاں وہ اپنا افتتاحی میچ میزبان امریکا کے خلاف 6 جون کو ڈیلاس میں کھیلے گی، جب کہ پاکستان کا دوسرا میچ اور میگا ایونٹ کا سب سے بڑا پاک بھارت ٹاکرا 9 جون کو نیویارک میں ہوگا۔آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ کا نواں ایڈیشن امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں یکم جون سے 29 جون تک جاری رہے گا جس میں پہلی بار 20 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں۔ایونٹ کے پہلے مرحلے کے لیے 20 ٹیموں کو 5،5 کے 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جب کہ ہر ٹیم ابتدائی گروپ مرحلے میں 4،4 میچز کھیلے گی، ہر گروپ سے سرفہرست دو ٹیمیں سپرایٹ میں پہنچ جائیں گے۔اس کے بعد باقی 8 ٹیموں کو سپرایٹ مرحلے میں مزید دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جہاں تمام ٹیموں کو سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے کے لیے 3،3 میچز کھیلنا ہوں گے اور ہر گروپ کی دو سرفہرست ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل کھیلا جائے گا، جس کے بعد 2 ٹیمیں 29 جون کو بارباڈوس میں ٹرافی کی آخری جنگ لڑیں گی۔