رفح : پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج کا حملہ، 75 سے زائد فلسطینی شہید

غزہ :مغربی رفح میں پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فوج نے بڑا حملہ کیا ہے، بمباری سے 75سے زائد فلسطینی شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ اسرائیل نے عالمی عدالت انصاف کا حکم ہوا میں اڑا دیا ، صیہونی فوج نے رفح کے پناہ گزین کیمپ میں بمباری کی جس سے یواین کیمپ میں آگ بھڑک اٹھی ، آتشزدگی کے باعث بڑی تعداد میں شہری جھلس کر شہید ہوگئے جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں ۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے دو ہزار پاؤنڈ وزنی بموں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں آگ لگی اور بیشتر افراد نے موقع پر ہی دم توڑ دیا، جھلسنےکے باعث کئی افراد کی حالت نازک ہے جبکہ شہادتوں کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اس حوالے سے ریڈ کراس نے کہا ہے کہ رفح میں واقع اس کے فیلڈ ہسپتال میں لانے والے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے جبکہ دیگر ہسپتال بھی بڑی تعداد میں مریضوں کو منتقل کیا جارہا ہے۔اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں جبالیہ میں ایک گھر کو نشانہ بنایا جس میں 12 افراد شہید ہوگئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج نے نصیرات ، غزہ سٹی اور تل السلطان کیمپ کو بھی نشانہ بنیا جس کے نتیجے میں 160 فلسطینی شہید ہوگئے۔صیہونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ وسطی اسرائیل میں جنوبی غزہ کے علاقے رفح سے آٹھ راکٹ داغے گئے۔پناہ گزین کیمپ میں شمالی غزہ سے بے دخل فلسطینیوں کی بڑی تعداد میں مقیم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں