ہوسکتا ہے راکھی رحم کے کینسر میں مبتلا ہوں: سابق شوہر
بھارت میں اپنے متنازع بیانات اور شادیوں سے خبروں کی زینت بنی رہنے والی راکھی ساونت کے سابق شوہر نے ان کے رحم کے کینسر میں مبتلا ہوسکنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔حال ہی میں راکھی کی اسپتال کے بیڈ پر بے ہوشی کی حالت میں لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھیں جس کے بعد راکھی کے سابق شوہر رتیش نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران یہ خدشہ ظاہر کیا کہ راکھی کی صحت اچھی نہیں ہے اور وہ رحم کے کینسر میں مبتلا ہوسکتی ہیں۔رتیش سنگھ کا کہنا تھا کہ راکھی کو پیٹ اور معدے میں درد کی شکایات پر اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا جہاں ان کے کئی ٹیسٹ کیے گئے۔رتیش سنگھ کے مطابق ڈاکٹرز نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ کینسر ہوسکتا ہے جس کے لیے مزید ٹیسٹ کیے جائیں گے۔دوسری جانب ڈاکٹروں نے راکھی کو سرجری کی بھی تجویز دی ہے لیکن اس سے قبل وہ یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ آیا یہ کینسر ہے یا نہیں۔رتیش سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ یہ کوئی مذاق نہیں ہے، راکھی نے اپنا امیج ایسا بنایاہوا ہے جس کے لیے لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ سب ڈرامہ ہے، راکھی کے ساتھ شیر آیا شیر آیا والی صورتحال ہے، یہی وجہ ہے کہ لوگ اب راکھی کے سچ کو بھی ڈرامہ سمجھ رہے ہیں۔ راکھی کے سابق شوہر نے مداحوں سے ان کی صحت کے لیے دعا کی بھی اپیل کی ہے۔دوسری جانب راکھی کے دوسرے سابق شوہر عادل درانی نے بھی ان کے لیے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔عادل درانی نے کہاکہ اگر راکھی واقعی بیمار ہیں تو میری دعائیں ان کیلئے ہیں لیکن مجھے شبہ ہے کہ راکھی عدالت میں پیش ہونے سے بچنے کیلئے یہ سب کررہی ہیں تو انہیں کوئی نہیں بچاسکتا۔