’ہیرا منڈی‘ میں میری اداکاری کا موازنہ فواد خان سے قابل فخر ہے، طٰحٰہ شاہ
حال ہی میں ریلیز ہونے والی بھارتی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ میں تاجدار کا مرکزی کردار ادا کرنے والے بھارتی اداکار نے کہا ہے کہ ویب سیریز میں ان کی اداکاری کا موازنہ فواد خان سے کرنا ان کے لیے قابل فخر بات ہے۔طٰحٰہ شاہ نے حال ہی میں بھارتی شوبز ویب سائٹ انسٹنٹ بولی وڈ کو انٹرویو دیا، جس کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔مذکورہ وائرل کلپ میں طٰحٰہ شاہ سے سوال کیا گیا کہ شائقین ویب سیریز میں ان کے چہرے اور کردار کا فواد خان اور وکی کوشل سے موازنہ کر رہے ہیں تو انہیں کیسا محسوس ہو رہا ہے؟طٰحٰہ شاہ نے کہا کہ ان کے لیے لوگوں کی جانب سے چہرے اور کردار کا موازنہ فواد خان اور وکی کوشل سے کرنا اتنی اہمیت نہیں رکھتا، جتنا اہم وہ اداکاری کا موازنہ سمجھتے ہیں۔اداکار نے کہا کہ یہ ان کی خوش قسمتی ہے کہ لوگ ان کی اداکاری کا موازنہ بڑے اور منجھے ہوئے اداکاروں سے کر رہے ہیں۔طٰحٰہ شاہ کے مطابق ان کے رومانس کا شائقین نے بولی وڈ بادشاہ شاہ رخ خان کے رومانس سے موازنہ کیا جو کہ ان کے لیے فخر کی بات ہے۔انہوں نے بتایا کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ لوگوں نے ویب سیریز میں ان کی اداکاری کا موازنہ فواد خان اور وکی کوشل سے کیا، وہ دنوں بڑے اداکار ہیں۔بھارتی اداکار نے اپنی اداکاری کا موازنہ فواد خان سے کرنے پر فخر کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ان سے بڑے اور منجھے ہوئے اداکار ہیں۔’ہیرا منڈی‘ کو یکم مئی کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا گیا تھا، اس میں منیشا کوئرالا، فریدہ جلال، سوناکشی سنہا، ریچا چڈا اور فردین خان سمیت دیگر اداکاروں نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔ویب سیریز کی کہانی پاکستانی صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ماضی کے قحبہ خانہ کے گرد گھومتی ہے اور ’ہیرا منڈی‘ کو کمزور کہانی، بیکار مناظر اور خراب زبان کی وجہ سے تنقید کا بھی سامنا ہے۔