اسرائیل کا لبنان میں کار پر ڈرون حملہ؛ حزب اللہ کے کمانڈرز شہید
لبنان میں اسرائیلی فوج نے ڈرون حملے میں ایک کار کو تباہ کردیا جس میں موجود 2 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔عرب میڈیا کے مطابق لبنان اسرائیل سرحد کے نزدیک ڈرون حملے میں ایک کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی تھی۔ کار کے جلے ہوئے ملبے سے دو لاشیں ملیں۔حزب اللہ نے تصدیق کی ہے کہ یہ ڈرون حملہ اسرائیلی فوج نے کیا تھا جس میں 2 فیلڈ کمانڈرز شہید ہوگئے۔ جس کا بھرپور طریقے سے بدلہ لیا جائے گا۔یاد رہے کہ اسرائیل نے ڈرون حملوں میں لیبیا، لبنان اور شام میں حزب اللہ، پاسداران انقلاب اور حماس کے رہنماؤں کو نشانہ بنایا ہے جس میں درجن سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں۔اسرائیل نے 7 اکتوبر کو ہونے والے حماس کے حملے کا ذمہ دار حزب اللہ کو ٹھہراتے ہوئے حزب اللہ سے انتقام لینے کی دھمکی دی تھی۔اسرائیلی وزیراعظم نے کہا تھا کہ اسرائیلی سرزمین پر ہونے والے حملے کے ایک ایک ذمہ دار کو چاہے جس بھی ملک میں ہو اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔