غزہ : الشفا ہسپتال میں تیسری اجتماعی قبرسے 49 لاشیں برآمد
غزہ : غزہ کے سب سے بڑے الشفا ہسپتال کے اندر تیسری اجتماعی قبر سے 49 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برآمد ہونے والی یہ اجتماعی قبر الشفا ہسپتال کے اندر سے تیسری اور غزہ کے ہسپتالوں سے ملنے والی ساتویں اجتماعی قبر ہے۔یہ لاشیں اس وقت برآمد ہوئی ہیں جب اسرائیل نے بدھ کے روز قاہرہ اور دوحہ میں جنگ بندی کے لیے جاری مذاکرات کے درمیان رفح پر شدید بمباری کی۔اسرائیل نے بین الاقوامی خدشات کو نظرانداز کرتے ہوئے رفاہ میں ٹینک بھیجے اور منگل کے روز رفاہ کراسنگ پر قبضہ کر لیا جو محصور علاقے میں امداد منتقل کرنے کے لیے اہم راستہ ہے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے الشفا ہسپتال سے برآمد تیسری اجتماعی قبر کے بارے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیاگیا۔سوشل میڈیا فوٹیج کے مطابق الشفا ہسپتال میں کم از کم ایک درجن لاشیں سیاہ پلاسٹک کے تھیلوں میں لپٹی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں، ہسپتال کے کھنڈرات کے سامنے کھڑے الشفا میں ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ معتصم صلاح نے کہا کہ کئی لاشیں بہت پرانی ہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ ہسپتال سے دو اجتماعی قبریں آمد ہوئی تھیں جس میں 30 کے قریب لاشوں کو دفن کیا گیا تھا۔غزہ میڈیا آفس کے مطابق حالیہ ہفتوں میں غزہ کے 3 مختلف ہسپتالوں سے ملنے والی ’7 اجتماعی قبروں‘ سے اب تک 520 لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔