پاکستان اور بھارت کو ایک جیسا ہی دیکھتا ہوں، سنجے لیلا بھنسالی
ممبئی: معروف بھارتی فلمساز سنجے لیلا بھنسالی نے کہا ہے کہ اُن کے لیے پاکستان اور بھارت ایک جیسا ہے، دونوں ممالک کے لوگ اُنہیں پیار کرتے ہیں۔حال ہی میں سیریز ‘ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ ریلیز کرنے والے بھارتی فلمساز سنجے لیلا بھنسالی نے پاکستانی مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت پر کُھل کر بات کی۔سنجے لیلا بھنسالی نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ میں نے اپنی سیریز ‘ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ میں لاہور کے مسلمان کرداروں کو دکھایا ہے اور میرے اس فیصلے پر مجھے بھارت سمیت پاکستان سے بھی بہت پیار ملا ہے۔فلمساز نے کہا کہ میں نے پاکستانی اداکاروں کو بھی سیریز میں کاسٹ کرنے کا سوچا تھا لیکن یہ ممکن نہیں ہوسکا، اس کے باوجود میری سیریز کو پاکستان میں بھی مقبولیت مل رہی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی مداح بےصبری سے سیریز ‘ہیرامنڈی: دی ڈائمنڈ بازار’ کی ریلیز کا انتظار کررہے تھے، اس سیریز کے ذریعے دونوں ممالک کے مداح قریب آئے ہیں۔سنجے لیلا بھنسالی نے کہا کہ پاک و ہند کی تقسیم سے قبل، ہم سب ایک ہی تھے، ہماری ثقافت اور رسم و رواج بھی ایک جیسے ہے۔