غزہ صورت حال؛ امریکی وزیر خارجہ اہم دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

ریاض: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن غزہ کی صورت حال پر عرب ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے دورے کے پہلے مرحلے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔ جہاں وہ قطر، مصر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اردن کے ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔امریکی وزارت خارجہ کے ایک سینئر اہلکار کے بقول ان ملاقاتوں میں اسرائیل حماس جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ میں نئی حکومت کے قیام سمیت دیگر مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔اعلیٰ امریکی سفارت کار نے رائٹرز کو مزید بتایا کہ انٹونی بلنکن اس ہفتے کے آخر میں اسرائیل جائیں گے اور وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پر سنگین انسانی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے دباؤ ڈالیں گے۔بعد ازاں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر عرب ممالک اور یورپی ممالک کو ایک جگہ جمع کریں گے تاکہ غزہ میں تباہ عمارتوں اور انفرا اسٹریکچر کی تعمیر نو میں مدد کی جا سکے۔یاد رہے کہ غزہ میں حماس کی حکومت کو ختم کرکے نئی حکومت کے قیام کے بیشتر آپشنز پر کئی مہینوں سے بات چیت جاری ہے تاہم اب تک کسی ایک پر اتفاق نہیں کیا جا سکا ہے۔دوسری جانب حماس نے کسی بھی غیر جمہوری کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام کسی پیرا شوٹ حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔ حماس بھی صرف عوام کا فیصلہ تسلیم کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں