عامر خان باکسنگ میں پاکستانی حکومت اور انتظامیہ کی عدم دلچسپی سے مایوس
پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ملک میں باکسنگ کے حوالے سے غیر سنجیدگی پر سوالات اٹھاتے ہوئے ملک میں باکسنگ کی دگرگوں حالت پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔باکسر عامر خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بچے باکسنگ سیکھنے کے لیے رابطہ کرتے ہیں لیکن حکومت اور انتظامیہ کی عدمِ دلچسپی کے باعث سخت مایوس ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں پاکستان آتا جاتا رہتا ہوں، پہلے میری یہاں اکیڈمی تھی، میری جم بلکل نئی اور بہت ہی صاف تھی، مگر وہ بھی بند کردی گئی۔پاکستانی نژاد برطانوی باکسر نے کہا کہ ایک لاکھ ڈالر سے زائد رقم خرچ کرکے قائم کیا گیا جم بھی تباہ ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ بچے مجھے میسج کرتے ہیں کہ ہمیں ٹریننگ کرنی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ پاکستان میں کیوں باکسنگ نہیں ہوتی؟۔ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستان میں ہوں لیکن کل انگلینڈ روانہ ہورہا ہوں کیونکہ میں بہت مایوس ہوں۔