سڈنی مال حملے میں ہلاک ہونے والا پاکستانی گارڈ ہیرو قرار
آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز نے جنازے میں سیکڑوں افراد کی شرکت کے موقع پر دیے گئے ریمارکس میں سڈنی میں چاقو کے بڑے حملے کو روکنے کے دوران قتل ہونے والے پاکستانی سیکیورٹی گارڈ فراز طاہر کو ہیرو قرار دیا ہے۔خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق 31 سالہ فراز طاہر کا اس روز اپنی ملازمت کا پہلا دن تھا جب وہ ساحل کے کنارے بوندی کے ایک مصروف مال میں چاقو کے حملے کے دوران ہلاک ہونے والے 6 افراد میں سے ایک بن گیا۔انتھونی البانیز نے کہا کہ ’خطرے کی طرف بھاگتے ہوئے، ان لوگوں کی حفاظت کے لیے جن سے وہ کبھی نہیں ملے تھے، بلاشبہ انہوں نے اس دن جانیں بچانے میں مدد کی، اور کسی سوال کے بغیر فراز طاہر بطور ہیرو مر گئے۔‘یہ تقریب شہر کی بیت الہدیٰ مسجد کے باہر جمع ہونے والے ہجوم سے پہلے ایک بینر تلے منعقد کی گئی تھی جس پر لکھا تھا ’سب کے لیے محبت، کسی سے نفرت نہیں۔‘آسٹریلیا کی احمدیہ مسلم کمیونٹی کے مطابق فراز طاہر، پاکستان سے ایک پناہ گزین کے طور پر آسٹریلیا پہنچے تھے۔حملہ آور کو روکنے کی کوشش کے دوران زخمی ہونے والے ساتھی سیکیورٹی گارڈ محمد طحہٰ تقریب کے لیے ہسپتال سے فارغ ہونے کے بعد وہیل چیئر پر پہنچے۔ وہ طاہر کے ساتھ بات کرنے والے آخری شخص تھے جب وہ حملے کے مقام کی طرف بھاگے تھے۔