برطانیہ نے 150 سال قبل گھانا سے لُوٹے گئے نوادرات بطور قرض واپس کر دیے
لندن: برطانیہ نے 19 ویں صدی میں ہونے والی جنگ کے دوران گھانا کے بادشاہ کے دربار سے لوٹے گئے نادر و نایاب نوادرات واپس کردیے لیکن یہ 6 سال کے لیے بطور قرض دیے گئے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق گھانا سے 150 سال قبل لوٹے گئے زیورات، تلوار اور چاندی کی اشیاء سمیت 32 نوادرات برطانوی عجائب گھروں میں رکھے ہوئے تھے۔یہ نوادرات برطانوی فوجیوں نے 19 ویں صدی میں جنگ کے دوران گھانا کے بادشاہ سے لُوٹے گئے تھے اور اب وہ واپس بھی کیے جا رہے تھے تو صرف 6 سال کے لیے بطور قرض واپس کی گئی۔برطانوی عجائب گھر میں 15 اور وکٹوریہ اور البرٹ میوزیم میں 17 نوادرات رکھے ہوئے تھے تاہم اب یہ اشیا گھانا کے موجودہ بادشاہ تک پہنچ جائیں گی اور آئندہ ماہ سے نمائش کی جائے گی۔یاد رہے کہ نائیجیریا بھی 16 ویں سے 18 ویں صدی کی ہزاروں نوادرات کی واپسی کے لیے متحرک ہوگیا ہے جو اس وقت امریکا اور یورپ کے عجائب گھروں میں موجود ہیں۔