کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں، اسرائیل ایران پرحملے سے گریز کرے: رشی سونک

لندن : برطانوی وزیر اعظم رشی سونک نے اپنے اسرائیلی ہم منصب بنجمن نیتن یاہو سے ٹیلیفونک گفتگومیں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق رشی سونک نے گزشتہ روز ٹیلی فون کیا اور انہیں یقین دلایا کہ برطانیہ اسرائیل کی سلامتی اور حفاظت کے لیے ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔رشی سونک نے کہا کہ کشیدگی میں اضافہ کسی کے مفاد میں نہیں ہے اور یہ مشرق وسطیٰ میں عدم تحفظ کا باعث بنے گا۔اسرائیلی چینل کی رپورٹ کے مطابق ان دنوں کے دوران بہت سے عالمی رہنماؤں نے نیتن یاہو سے فون کال کرنے کی کوشش کی لیکن ان کے دفتر نے ایرانی حملے کے پس منظر میں انہیں وصول کرنے سے انکار کر دیا، ان میں سے زیادہ تر رہنماؤں نے اسرائیل سے تہران کو جواب نہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔اس سے قبل چار امریکی حکام نے اشارہ دیا تھا کہ ہفتے کے آخر میں اسرائیلی ردعمل آ سکتا ہے، یہ محدود ہو گا، تاکہ وسیع تر تنازع کو بھڑکایا نہ جائے۔ان میں ممکنہ طور پر ایرانی فوجی دستوں اور خطے میں تہران کی حمایت یافتہ پراکسیز کے خلاف حملے بھی شامل تھے۔دریں اثنا گذشتہ چند دنوں کے دوران امریکی صدر جو بائیڈن اور دیگر رہ نماؤں نے تل ابیب پر زور دیا کہ وہ ایرانی حملے کا جواب دینے کے وعدے کے بعد تحمل کا مظاہرہ کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں