اسرائیل کی حمایت پر ڈاؤننگ اسٹریٹ کی عید ملن پارٹی تنازعے کا شکار ہوگئی
برطانوی وزیراعظم رشی سونک کی طرف سے سالانہ عید ملن کی تقریب اسرائیل کی حمایت کے باعث تنازعے کا شکار ہو گئی ہے۔برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم رشی سونک کی جانب سے 15 اپریل کو 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں عید ملن کی تقریب منعقد کی گئی تھی تاہم حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کے رہنماؤں سمیت بزنس اور چیرٹی لیڈرز نے عید ملن پارٹی کا بائیکاٹ کردیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بیرونس سعیدہ وارثی سمیت دو دیگر ٹوری اراکین پارلیمنٹ بھی عید ملن پارٹی کے بائیکاٹ کا ارادہ رکھتے ہیں، ڈاؤننگ اسٹریٹ کی عید ملن پارٹی کا بائیکاٹ حکومت کی طرف سے اسرائیل کی حمایت کرنے کے سبب کیا گیا ہے۔اس سے پہلے سعیدہ وارثی نے غزہ کے تنازعے کے سبب ہی 2014 میں ڈیوڈ کیمرون کی کابینہ سے بطور فارن آفس منسٹر بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ذرائع نے نجی طور پر عید ملن میں مہمانوں کے بائیکاٹ کے حوالے سے تشویش کا اظہار کردیا ہے تاہم 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے ترجمان کے مطابق غزہ کے حوالے سے انسانی خدشات کو سمجھتے ہیں۔ترجمان کے مطابق وزیر اعظم رشی سونک عید ملن میں مسلمانوں کا خیرمقدم اور ان کی خدمات کی خوشی منانے کے منتظر ہیں، مسلمانوں کے غزہ کے انسانی بحران پر تشویش کا احساس ہے، ہماری ترجیح کشیدگی کو خطے میں پھیلنے سے روکنا ہے۔