مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر پاکستان کی گہری تشویش

13 اور 14 اپریل کی درمیانی شب ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد خطے میں بڑھتی کشیدگی پر پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش ہے، پاکستان نے کئی ماہ سے غزہ میں جنگ بندی کے لئے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ 2 اپریل کو پاکستان نے شام میں ایرانی قونصل خانہ پر حملے کو ایک بڑی کشیدگی کا پیش خیمہ قرار دیا تھا۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آج کی پیش رفت سفارت کاری میں تعطل کے نتائج کو ظاہر کرتی ہے، یہ صورتوں میں سنگین مضمرات کو ظاہر کرتی ہے جہاں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے سے قاصر ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اب صورتحال کو مستحکم کرنے اور امن کی بحالی کی اشد ضرورت ہے، ہم تمام فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انتہائی تحمل سے کام لیں اور کشیدگی کو کم کرنے کی طرف بڑھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں