جوبائیڈن کا اسرائیلی وزیراعظم سے رابطہ، ایران کیخلاف جنگ کا حصہ نہ بننے کا اعلان
ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ایران کے خلاف جنگ کا حصہ نہ بننے کا اعلان کردیا۔امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق امریکی عہدیدار کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن نے نیتن یاہو کو بتایا کہ امریکا ایران کے خلاف جارحانہ آپریشن میں حصہ نہیں لے گا۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکی صدر اور اسرائیلی وزیر اعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان ایران کے اسرائیل پر حملے کے بعد گزشتہ چند گھنٹوں میں دوسرا ٹیلیفونک رابطہ ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے نیتن یاہو کو بتایا کہ اسرائیل نے ایران کے غیر معمولی حملوں کے خلاف اپنے دفاع اور اس نوعیت کے حملوں کو پسپا کرنے کی قابل ذکر صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔امریکی صدر نے مزید کہا کہ اپنے دفاع کا مظاہرہ کر کے اسرائیل نے اپنے دشمنوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اسرائیل کی سلامتی کو خطرے سے دوچار نہیں کر سکتے ہیں۔