ایران نے حملہ کیا تو اسرائیل کا بھرپور دفاع کریں گے: جوبائیڈن
واشنگٹن:امریکا کے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ مجھے توقع ہے کہ ایران جلد ہی اسرائیل پر حملہ کرے گا اور اگر کوئی حملہ ہوا تو امریکا اسرائیل کے ساتھ کھڑا ہو گا اور بھرپور دفاع کرے گا۔وائٹ ہاؤس میں تقریب کے دوران شرکاء کے سوال پر جواب دیتے ہوئے امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ حساس معلومات پر بات نہیں کرنا چاہتا لیکن مجھے امید ہے کہ ایران جلد سے جلد اسرائیل پر حملہ کرے گا، ایران کیلئے میرا پیغام ہے وہ ایسا نہ کرے۔امریکی صدر جوبائیڈن نے مزید کہا ہے کہ ایران حملے میں کامیاب نہیں ہوگا، ہم اسرائیل کے دفاع میں مدد کریں گے اور اس کا بھرپور ساتھ دیں گے، اسرائیل پر ممکنہ حملے کے پیش نظر امریکی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا کہہ دیا ہے۔دوسری جانب امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے کہا کہ دمشق میں قونصل خانے پر حملے کا جواب دینے کیلئے ایران کی جانب سے اسرائیل کو دی جانے والی دھمکیاں حقیقی ہیں، ہم اب بھی ایران کے ممکنہ خطرے کو حقیقی اور قابل اعتبار سمجھتے ہیں۔