اسرائیل کو نہ روک کر امریکا نے غزہ جنگ کو دوسرے ممالک تک پہنچا دیا؛ ایران

تہران: ایران نے غزہ سے اسرائیل جارحیت کے لبنان اور شام تک پہنچنے کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ سے شروع ہونے والی کشیدگی اب دیگر ممالک تک پہنچ گئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے اہلکار جوزف بوریل کے ساتھ فون پر گفتگو میں کہا کہ امریکا اسرائیل کے جنگی جرائم کو روکنے میں سجنیدہ دکھائی نہیں دیتا بلکہ بے جا حمایت کررہا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکا کی اس غیر سنجیدگی اور بے جا حمایت کے باعث ہی اسرائیل غزہ سے جنگ کو لبنان اور شام تک لے گیا۔امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ ہم سے یورپی ممالک ہمیشہ ہی تحمل سے کام لینے کا مطالبہ کرتے ہیں لیکن اسرائیل کی عالمی قوانین اور سفارتی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شام میں ایرانی سفارت خانے پر حملے کی مذمت نہیں کرتے۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ یورپی یونین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اسرائیل کی سفارتی مقام کو حاصل استثنیٰ کو نظر انداز کرکے عالمی قوانین اور سفارتی اصولوں کی خلاف ورزی کی فوری طور پر مذمت کرے گی۔دوسری جانب امریکا کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہمارا شام میں ایرانی سفارت خانے پر حملے سے کوئی تعلق نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں