ایران امریکا امن مذاکرات آج اسلام آباد میں ہوں گے
اسلام آباد میں ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی سے متعلق اہم مذاکرات کا پہلا دور آج ہوگا، دونوں ممالک ے اعلیٰ حکام آج وفاقی دارالحکومت پہنچیں گے۔ذرائع کے مطابق آج بات چیت کے پہلے دور میں دونوں ممالک کے وفود شرکت کریں گے اور کل صبح ہونے والی ملاقات کا ایجنڈا طے کریں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ مذاکرات ایک محفوظ، خفیہ مقام پر میڈیا کی رسائی سے دور منعقد ہوں گے،امریکی ،ایرانی حکام کی بالمشافہ ملاقات کا امکان بھی مسترد نہیں کیا گیا۔مذاکرات میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحق ڈار شریک ہوںگے ، ان مذاکرات کو خطے میں امن کے لیے ایک بڑی سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس قیادت کریں گے،وفد میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے۔ایران کا وفد وزیر خارجہ عراقچی اور اسپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں شریک ہوگا۔ذرائع کے مطابق ان مذاکرات میں کشیدگی کے خاتمے، جنگ بندی کے خدوخال اور اعتماد سازی کے اقدامات پر غور کیا جائے گا۔پاکستان ان مذاکرات کی میزبانی کرتے ہوئے فریقین کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔



