پاسداران انقلاب کی خلیج میں امریکی فوجی مراکز کو نشانہ بنانے کی دھمکی
ایران کی پاسداران انقلاب نے خطے میں موجود امریکی اور اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنانے کی دھمکی دیتے ہوئے تمام ممالک کے عوام کو امریکی فوجی مراکز سے دور رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔ایرانی سرکاری خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاسداران انقلاب نے جمعے کو آپریشن وعدہ صادق 4 کے حوالے سے ایک نیا بیان جاری کیا ہے، جس میں ‘مغربی ایشیا کے معزز عوام’ کو مخاطب کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ بزدل امریکی اور صہیونی افواج، جن میں اپنے فوجی اڈوں کا دفاع کرنے کی ہمت اور صلاحیت نہیں ہے، اسلامی جنگجوؤں کی کارروائیوں کے خوف سے معصوم لوگوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اور اس مقصد کے لیے شہری تنصیبات کو استعمال کر رہی ہیں۔پاسداران انقلاب نے خطے کے ممالک کے عوام کو مشورہ دیا کہ امریکی اور غاصب صہیونی حکومت کی دہشت گرد فورسز کو جہاں کہیں بھی ملے ختم کرنا ہمارا فرض ہے جو ایرانی شہریوں اور رہنماؤں کو بے دریغ قتل کررہے ہیں لہٰذا ہم آپ کو تجویز دے رہے ہیں کہ امریکی فوج کے مراکز سے فوری طور پر دور ہو جائیں تاکہ آپ کو کسی بھی نقصان سے بچایا جا سکے۔



