اسرائیلی شہروں دیمونا اور عراد میں ایرانی میزائلوں نے تباہی مچادی
ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ 23 ویں روز میں داخل ہو گئی ہے جبکہ خطے میں کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو سخت دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کو 48 گھنٹوں میں مکمل طور پر نہ کھولا گیا تو امریکا ایران کے پاور پلانٹس کو تباہ کر دے گا۔دوسری جانب اسرائیل نے تہران کے مختلف علاقوں پر تازہ حملے کیے، جن میں شہر کے مشرقی حصے میں دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئیں۔ ایرانی حکام کے مطابق ان حملوں میں اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ایران نے ردعمل میں اسرائیل اور خطے کے دیگر ممالک پر میزائل حملے جاری رکھے۔ اسرائیلی شہروں دیمونا اور عراد میں ایرانی میزائل حملوں کے نتیجے میں تقریباً 100 افراد زخمی ہوئے۔ایرانی فوج نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس کے پاور پلانٹس کو نشانہ بنایا گیا تو وہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکا اور اسرائیل سے منسلک تمام توانائی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔



