وزیر اعظم کا آذر بائیجان کے صدر کو ٹیلی فون، عید کی مبارکباد دی
پاکستان اور آذربائیجان کی قیادت نے خلیج میں جاری کشیدگی فوری طور پر کم کرتے ہوئے تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کے لیے بات چیت اور سفارت کاری پر زور دیا ہے۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کو عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد کے تبادلے کے لیے جمہوریہ آذر بائیجان کے صدر الہام علیوف کو ٹیلی فون کیا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے صدر الہام علیوف اور آذربائیجان کے برادر عوام کو عید الفطر کی دلی مبارکباد پیش کی۔آذربائیجان کے صدر نے پاکستانی عوام کے لیے ان جذبات کا گرمجوشی سے جواب دیا۔ دونوں رہنماؤں نے امت کی صفوں میں اتحاد کی دعا بھی کی۔دونوں رہنماؤں نے ایران اور خلیج میں جاری کشیدگی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے آذربائیجان کے خلاف حملوں کی شدید مذمت کا اعادہ کرتے ہو مشکل کی اس گھڑی میں آذربائیجان کے برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔



