سابق امریکی وزیر خزانہ ایپسٹین سے تعلق پر ہارورڈ یونیورسٹی میں عہدے سے مستعفی
نیویارک: امریکا کے سابق وزیر خزانہ لیری سمرز نے نابالغوں سے جنسی زیادتی کے مجرم جیفری ایپسٹین سے تعلق ظاہر ہونے پر ہارورڈ یونیورسٹی میں عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق لارنس ہنری سمرز 1999ء سے 2001ء تک امریکا کے وزیر خزانہ رہے اور ہارورڈ یونیورسٹی کے 2001ء سے 2006ء تک صدر بھی رہے، وہ امریکا کی نیشنل اکنامک کونسل کے 2009ء سے 2010ء تک ڈائریکٹر کے عہدے پر بھی فائز رہے۔
لیری سمرز اس سال کے آخر میں عہدہ چھوڑیں گے تاہم اس عرصے میں وہ چھٹیوں پر رہیں گے، ہارورڈ یونیورسٹی نے لیری سمرز کے خلاف اس وقت تحقیقات شروع کیں جب ان کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ طلبہ کے سامنے اعتراف کر رہے تھے کہ ان کا جیفری ایپسٹین سے تعلق رہا ہے۔
اس سے قبل کولمبیا یونیورسٹی سے وابستہ نوبیل انعام یافتہ نیورو سائنسدان رچرڈ ایکسل نے بھی جیفری ایپسٹین سے تعلق ظاہر ہونے پر استعفیٰ دے دیا تھا۔



