غزہ کیلئے ٹرمپ کے نئے منصوبوں کی تفصیلات سامنے آگئی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے بورڈ آف پیس کے پہلے باضابطہ اجلاس میں غزہ کے لیے اربوں ڈالر کے تعمیرِ نو منصوبے اور اقوام متحدہ کی منظوری سے ایک بین الاقوامی استحکامی فورس تعینات کرنے کا اعلان کریں گے۔رائٹرز کے مطابق یہ اجلاس 19 فروری کو واشنگٹن ڈی سی میں ہوگا، جس میں کم از کم 20 ممالک کے وفود شریک ہوں گے۔ بورڈ آف پیس کا قیام جنوری میں عمل میں آیا تھا اور اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی توثیق بھی حاصل ہے۔امریکی حکام کے مطابق اجلاس میں غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے کثیر ارب ڈالر فنڈ کے قیام کا اعلان کیا جائے گا، جس میں شریک ممالک مالی تعاون فراہم کریں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک نے رضاکارانہ طور پر مالی مدد کی پیشکش کی ہے۔اس منصوبے کے تحت ایک انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس (ISF) بھی غزہ میں تعینات کی جائے گی، جس کے لیے متعدد ممالک ہزاروں فوجی فراہم کرنے پر آمادہ ہیں۔ اس فورس کا مقصد جنگ کے بعد سیکیورٹی اور استحکام کو یقینی بنانا ہے۔



