ٹی20 ورلڈ کپ؛ بھارت کی جانب سے اسکاٹ لینڈ کیلئے بھی رکاوٹوں کا خدشہ

ٹی20 ورلڈ کپ؛ بھارت کی جانب سے اسکاٹ لینڈ کیلئے بھی رکاوٹوں کا خدشہ

ٹی20 ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی جگہ شامل کی گئی اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کے پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو بھارت کی جانب سے ویزے جاری نہ کرنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسکاٹ لینڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے ورلڈ کپ میں شامل کیے جانے کے بعد ٹیم کی بروقت بھارت آمد کے لیے کھلاڑیوں کے ویزے اور دیگر سفری انتظامات کا آغاز کردیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کی تیاریوں کے باوجود ایک بڑا مسئلہ پاکستانی نژاد فاسٹ بولر صفیان شریف کے ویزے کے حوالے سے کھڑا ہو گیا ہے کیونکہ دیگر کھلاڑیوں کے مقابلے میں ان کو ویزے کے اجرا میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
قبل ازیں ورلڈ کپ میں شامل امریکا اور انگلینڈ کی ٹیموں نے پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کے ویزے کے لیے بڑی تگ و دو کی اور ان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس لیے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صفیان شریف کو بھی اسی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹروڈی لِنڈبلیڈ نے کرک انفو کو بتایا کہ ٹورنامنٹ کے لیے ویزا کا حصول اس وقت انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، ہم سب اس حوالے سے آئی سی سی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویزے کا حصول ہمیشہ کسی حد تک غیرمتوقع ہوتا ہے کیونکہ بعض اوقات تین دن میں ملتا ہے یا پھر 45 دن بھی لگ جاتے ہیں، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ہماری پوری توجہ ویزے کی تصدیق پر مرکوز ہے تاکہ ہمارے کھلاڑی جانے کے لیے تیار ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ درخواست جمع کرنے کے عمل میں ہیں اور جتنا ممکن ہوسکے جلدی بھارت میں پہنچ جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق کرکٹ اسکاٹ لینڈ کے سربراہ نے بتایا کہ آئی سی سی کی جانب سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور مقامی انتظامیہ سے رابطہ کیا جا رہا ہے تاکہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے والے کھلاڑیوں کے ویزے بروقت یقینی بنائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں