پاکستان کے ایران اور امارات کے ساتھ روابط مزید مستحکم
پاکستان کے ایران اور امارات کے ساتھ سفارتی و معاشی روابط دن بہ دن مزید مستحکم ہوتے جا رہے ہیں۔دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کی ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے اور عالمی سطح پر جاری اہم پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی وزیر خارجہ نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایران سے متعلق قرارداد پر پاکستان کے اصولی مؤقف، ووٹنگ کے مطالبے اور قرارداد کے خلاف ووٹ دینے پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کے لیے گہری قدردانی اور تشکر کا اظہار بھی کیا۔علاوہ ازیں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے دبئی میں متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ حکومتی و کاروباری رہنما، جاسم محمد بو عطابہ الزعابی سے ملاقات کی، جو ابوظبی ڈیپارٹمنٹ آف فنانس کے چیئرمین، سپریم کونسل برائے مالی و اقتصادی امور کے سیکریٹری جنرل، اتصالات (e&) کے چیئرمین اور ابوظبی ہولڈنگ کمپنی (ADQ) کے وائس چیئرمین ہیں۔ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کو دوطرفہ شراکت داری کی مضبوط بنیاد قرار دیا گیا۔ اس موقع پر فریقین نے پاک یو اے ای تجارت اور اقتصادی تعاون کا جائزہ بھی لیا۔



