جب تک اعظم خان کھیل رہا ہے پی سی بی کا کوئی عہدہ قبول نہیں، معین خان

کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان، سابق چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ معین خان نے کہا ہے کہ غیر ملکی کوچز ڈھونڈنے کے بجائے پاکستان میں موجود اچھے اور بہترین کوچز کو مواقع فراہم کیے جائیں، جب تک اعظم خان کھیل رہا ہے پی سی بی میں کوئی عہدہ قبول نہیں کروں گا۔ان خیالات کا اظہار معین خان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اس وقت اچھے آل راؤنڈرز اور اسپنرز کی ضرورت ہے، شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی پر تنقید قبل از وقت ہے، فٹنس اور کارکردگی کی بنیاد پر ہر کھلاڑی کو موقع ملنا چاہیے، عماد وسیم مستقبل میں پاکستان کے لیے سود مند ثابت ہو سکتے ہیں۔معین خان نے ان خیالات کا اظہار میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، کوئٹہ گلیڈییٹر کے ڈائریکٹر کی ذمہ داری ادا کرنے والے معین خان نے کہا کہ پاکستان میں اچھے اور بہترین کوچز موجود ہیں، اگر غیر ملکی کوچ ہی لانا ہے تو کوچنگ ڈیولپمنٹ پلان بھی تیار کیا جائے تاکہ اگر مقامی کوچز نا اہل ہیں تو ان کی بہتری کے لیے پروگرام مرتب کیا جا سکے، مجھے معلوم نہیں کہ مقامی کوچز میں کیا کمی ہے جو ان پر غور نہیں کیا جاتا، پاکستان میں اچھے کوچز کا ٹیلنٹ موجود ہے، پی سی بی کو اپنے جواہر کی طرف دیکھنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں