یوم پاکستان پر شوبز شخصیات کو بھی صدارتی ایوارڈ سے نواز دیا گیا

اسلام آباد / کراچی / لاہور: یوم پاکستان پر ملک کے مختلف شعبوں کی طرح شوبز سے وابستہ ممتاز شخصیات بھی کو صدارتی ایوارڈز سے نوازا گیا ہے، راحت فتح علی خان، محمود بھٹی، سجل علی، جگن کاظم، شازیہ منظور، بلال لاشاری،عنایت حسین بھٹی اور فاخر محمود قابل ذکر ہیں۔تفصیلات کے مطابق ماضی کی طرح اس بار بھی مختلف شعبوں سے وابستہ 397 افراد کو صدارتی وسول ایوارڈز دیئے گئے۔ حکومت پاکستان نے گزشتہ برس یوم آزادی کے موقع پر اعزازات کی فہرست جاری کی تھی اور اعلان کیا تھا کہ یوم پاکستان پر ان افراد کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔ان افراد میں شعبہ ادب، موسیقی، فن و ثقافت سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز فنکار بھی شامل ہیں، جنہیں ان کی گراں قدر خدمات سر انجام دینے پر صدارتی اعزازات سے نوازا گیا۔معروف شاعر افتخاز عارف کو فن و ادب، شاعری اور تحریر، راحت فتح علی خان کو فن قوالی و گائیکی، محمد احمد شاہ کو فن ثقافت، محمود احمد طاہر بھٹی کو فلم ڈائریکشن و ڈیزائننگ، انور مسعود کو شاعری کے شعبے میں گراں قدر خدمات پر نشان امتیاز دیا گیا ہے۔ستارہ امتیازحاصل کرنے والوں میں قاری حافظ بزرک شاہ الازھری (فن قرات)، بلال لاشاری (فن ڈائریکشن، سینماٹوگرافی و سکرپٹ رائٹنگ)، ستیش آنند (فن فلم پروڈکشن / ڈسٹری بیوشن)،عبدالکریم بریالی (فن و ادب)، جاوید بشیر احمد (فن گائیکی)،فاخر محمود (فن گائیکی)، شبنم (فن گائیکی) شامل ہیں۔استاد گلاب خیل (فن رباب )، شازیہ منظور (فن گائیکی)،ڈھائی بائی عرف مائی دھائی (فن گائیکی)، ہمایوں خان (فن گائیکی)، مرحوم عنایت حسین بھٹی (فن اداکاری، پروڈکشن ، ڈائریکشن ، اسکرپٹ رائٹنگ)، ذوالفقار علی عطرے (میوزک کمپوزیشن)، عجب گل (فن اداکاری و ڈائریکشن)،عشرت عباس (فن ڈرامہ، تھیٹر، ریڈیو اداکار)، شاکر زیب (فن میوزک ڈائریکشن)، قادر بخش مٹھو (فن کامیڈی)، مسرت کلانچوی (فن اردو و سرائیکی افسانہ اور ڈرامہ نگاری) کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں