اسحاق ڈار کی چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی محکمہ کے وزیر لیو ہائیشنگ سے ملاقات
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی محکمہ کے وزیر مسٹر لیو ہائیشنگ سے ملاقات کی، جس میں دونوں فریقین نے پاک–چین دوطرفہ تعلقات کی مستحکم اور مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران پارٹی سطح پر روابط کو مزید مضبوط بنانے، علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال اور چین–پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سی پیک کو باہمی تعاون کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے اس کے تحت جاری منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے وزیر لیو ہائیشنگ کو چین کی کمیونسٹ پارٹی کی 20ویں مرکزی کمیٹی کے چوتھے کل رکنی اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور چین کی ترقی و استحکام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



