پاکستان کا مقامی تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ

پاکستان کا مقامی تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ

پاکستان نے مقامی تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کیا ہے، جس کے بعد دشمن پر پاک فوج کی صلاحیتوں سے لرزہ طاری ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عماہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فضائیہ نے مقامی طور پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کیا۔ یہ ٹیسٹ قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں کے فروغ میں ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔ تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل 600 کلومیٹر تک کی رینج کے ساتھ دشمن کے زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ساتھ ہی یہ روایتی وارہیڈ لے جانے کی بھی اہلیت رکھتا ہے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق جدید ترین نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے لیس یہ میزائل نہایت کم بلندی پر پرواز کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، جس سے یہ دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام سے مؤثر طور پر بچ نکلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی پریسیژن اسٹرائیک صلاحیت پاک فضائیہ کی روایتی ڈیٹرنس اور آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرتی ہے، جس سے ملک کی مجموعی دفاعی پوزیشن مزید مضبوط ہوتی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خودانحصاری کا واضح ثبوت ہے۔ لانچ کے موقع پر پاکستان کی مسلح افواج کے سینئر افسران کے علاوہ ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز نے شرکت کی، جنہوں نے اس جدید ویپن سسٹم کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں