ارشد ندیم پیرس اولمپکس کی تیاری جنوبی افریقا میں کریں گے
کراچی: گولڈ میڈلسٹ ایتھلیٹ ارشد ندیم پیرس اولمپکس کی تیاری جنوبی افریقا میں کریں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے گولڈ میڈلسٹ اتھلیٹ نے واضح کیا کہ گھٹنے کے آپریشن کے بعد اب دوبارہ جم ورک شروع کررکھاہے، جنوبی افریقا میں جیولین تھرو کے ماہر کوچ کی نگرانی میں ٹریننگ سے یقین ہے کہ پہلے سے زیادہ بہتر تھرو کرسکوں گا۔ارشد ندیم نے کہا ایشین گیمز میں انجری کی وجہ سے ایونٹ سے دستبردار ہونے کا دکھ ہے تاہم اب یہ ہی ٹارگٹ ہے کہ اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیت کر ملک کی نیک نامی میں اضافہ کرپاؤں۔ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں انہوں نے مکمل سپورٹ کا یقین دلایاہے۔ ان کی حوصلہ افزائی سے اعتماد بڑھا ہے۔ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، دنیا فتح کرنی ہے توان جیسے وسائل اور سہولیات بھی اتھلیٹس کو دینے کی ضرورت ہے۔دوسری جانب ارشد ندیم کے پاکستانی کوچ سلمان اقبال کا موقف ہے کہ جنوبی افریقہ میں اس سینٹر میں ارشد ٹریننگ کرے گا جس کا رخ نیرج سمیت دنیا کے تمام بڑے اتھلیٹس کرتےہیں۔ ماضی میں بھی ارشد وہاں چند ہفتے وقت گزر چکاہے، اب بھی امید ہے کہ ارشد کو بہت فائدہ ہوگا۔سلمان اقبال نے کہا گھٹنے کے آپریشن کے بعد ارشد نے اپنا ری ہیب مکمل کیا، پھر اس کو مرحلہ وار جم ورک کروایا جارہا ہے۔ کہنی اور گھٹنے میں اب کوئی تکلیف نہیں، جنوبی افریقہ میں ٹریننگ سے واپسی پر ارشد دو سے تین انٹرنیشنل میٹس میں حصہ لے گا۔ پیرس اولمپکس میں ارشد کے میڈل جیتنے کے حوالے سے بہت پر امید ہوں۔