پریانکا چوپڑا کی بابری مسجد کو مسمار کرکے بنائے گئے رام مندر میں پوجا پاٹ
ایودھیا: بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا اور ان کے شوہر امریکی گلوکار نک جونس نے اپنی دو سالہ بیٹی مالتی کے ساتھ بابری مسجد کو مسمار کرکے بنائے گئے ایودھیا کے رام مندر میں پوجا پاٹ کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق رام مندر کے افتتاح کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ ہے۔ پیلے رنگ کی ساڑھی میں ملبوس پریانکا چوپڑا اور انکے شوہر نک جونس نے مندر میں پوجا پاٹ کے بعد پنڈتوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔یاد رہے کہ تاریخی بابری مسجد کو گراکر بنائے گئے رام مندر کا افتتاح 22 جنوری کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔مندر کی افتتاحی تقریب میں امیتابھ بچن، رجنی کانت، عالیہ بھٹ، رنبیر کپور، وکی کوشل، کترینہ کیف اور رشاب شیٹی سمیت کئی فلمی شخصیات نے شرکت کی تھی۔صدیوں پرانی بابری مسجد کو چھ دسمبر 1992 کو انتہا پسندوں کے ہجوم نے منہدم کر دیا تھا۔ اس تنازع نے کئی دہائیوں تک مسلمانوں اور ہندووں کے درمیان تعلقات کو کشیدہ رکھا جب کہ فسادات میں دو ہزار افراد جان سے گئے۔انڈیا کی سپریم کورٹ نے 2019 میں ایک متنازع فیصلے میں بابری مسجد کی جگہ کو ہندوؤں کے حوالے کرنے اور اس کے متبادل مسجد کی تعمیر کے لیے شہر میں کسی اور جگہ زمین الاٹ کرنے کا حکم دیا تھا۔