پاکستان خوش ترین اور بھارت ناخوش ترین ممالک کی فہرست میں شامل
واشنگٹن: اقوام متحدہ کی خوش ترین 143 ممالک کی فہرست میں مسلسل ساتویں بار یورپی ملک فن لینڈ اوّل نمبر پر ہے۔ ڈنمارک اور آئس لینڈ اپنی دوسری اور تیسری پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے تعاون سے خوشی کے عالمی دن کے موقع پر خوش ترین اور ناخوش ترین ممالک کی فہرست جاری کی جاتی ہے۔یہ فہرست 143 ممالک کی فی کس آمدنی، آزادی، سخاوت، معیار زندگی اور کرپشن جیسے عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دی جاتی ہے۔ مسلم ممالک میں کویت بھی اس فہرست میں شامل ہے جس کا نمبر 13 ہے۔خوش ترین ممالک میں بالترتیب فن لینڈ، ڈنمارک، آئس لینڈ، سوئیڈن، اسرائیل، نیدرلینڈ، ناروے، لگسمبرگ، سوئٹزرلینڈ اور آسٹریلیا پہلے 10 ممالک میں شامل ہیں۔ امریکا پہلی بار 23 ویں نمبر پر آن گرا۔پاکستان نے اپنا 108 واں نمبر برقرار رکھا جب کہ بھارت کا نمبر 126 واں رہا۔ بھارتی عوام پاکستانیوں کے مقابلے میں ناخوش ثابت ہوئے۔ سب سے سے آخر میں افغانستان اور پھر لبنان ہے۔اس سال پہلی بار عمر کے حساب سے بھی ممالک کی ایک الگ فہرست مرتب کی گئی۔ 30 سال سے کم عمر افراد میں خوشی کے لحاظ سے لتھوانیا پہلے نمبر پر رہا۔ پاکستان 107، بھارت 127 اور بنگلا دیش 128 ویں نمبر پر ہے۔اسی طرح 60 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی فہرست میں ڈنمارک پہلے، پاکستان 112، بھارت 121 اور بنگلا دیش 120 ویں نمبر پر رہا۔143 ممالک کی اس فہرست میں آخری 20 ممالک کو دنیا کے 20 ناخوش ممالک میں شامل کیا گیا ہے جس میں سرفہرست افغانستان ہے۔ ناخوش ممالک میں یمن، اردن ، مصر، سری لنکا اور بنگلادیش وغیرہ کے ساتھ بھارت بھی شامل ہے۔