ماسکو کے اعلیٰ عہدیدار کو قتل کرنے کی یوکرینی کوشش ناکام بنادی، روس
روس کی سکیورٹی سروس نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین نے ایک اعلیٰ روسی حکومتی عہدیدار کو قتل کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم اس منصوبے کو ناکام بنا دیا گیا۔ایف ایس بی کے مطابق یوکرینی ایجنٹس مبینہ طور پر اس وقت حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جب مذکورہ روسی اہلکار ماسکو کے قریب اپنے رشتے داروں کی قبروں پر حاضری دے رہا تھا۔ایف ایس بی نے مزید دعویٰ کیا کہ یوکرین روس کے اندر اسی نوعیت کے مزید حملوں کی تیاری کر رہا ہے۔ تاہم یوکرین کی سکیورٹی سروس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ روس “مسلسل جھوٹی خبریں” گھڑ رہا ہے۔یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کیف ایک بار پھر روسی فضائی حملوں کی زد میں رہا۔ یوکرینی حکام کے مطابق تازہ حملوں میں کم از کم چار افراد ہلاک اور 27 زخمی ہوئے، جن میں دو بچے اور ایک حاملہ خاتون بھی شامل ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 15 سے زائد عمارتیں اور ایک طبی مرکز بھی متاثر ہوا۔



