پاکستان نے افغان سرزمین سے دہشتگردی کے خاتمہ کا جامع پلان افغانستان کے حوالے کر دیا
پاکستان نے مذاکرات کے دوسرے دور میں افغان سرزمین سے دہشت گردی کے خاتمہ کا جامع پلان افغانستان کے حوالے کر دیا۔پاکستان اور طالبان حکومت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور استنبول میں مکمل ہوگیا۔استمبول میں ترکیہ کی میزبانی میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات ہوئے، دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات 9 گھنٹے تک جاری رہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کا 7 رکنی وفد مذاکرات میں شریک ہوا، پاکستان افغانستان سے دہشت گردی اور تربیتی کیمپ کے خاتمے کے مطالبہ پر قائم رہا۔استنبول میں مذاکرات کے دوران پاکستان نے افغان طالبان حکومت کے سامنے ایک جامع مسودہ تجویز پیش کیا۔طالبان حکام پاکستانی تجویز پر غور و خوض جاری رکھیں گے۔مذاکرات کے دوران پاکستان نے فتنہ الخوارج اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے حوالے سے اپنا واضح اور دو ٹوک موقف پیش کیا۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی، سرحدی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مؤثر حکمتِ عملی پر اتفاق رائے پیدا کرنا ہے۔

