پاکستانی ڈرامے میرے فن اور ہنر کے مطابق نہیں بنتے: عنزیلہ عباسی
لاہور:پاکستانی معروف ماڈل، اداکارہ و گلوکارہ عنزیلہ عباسی نے پاکستانی ڈراموں میں کام نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔معروف اداکارہ جویریہ عباسی اور اداکار و فلمساز شمعون عباسی کی بیٹی، سپر ماڈل عنزیلہ عباسی نے حال ہی میں ایک ٹاک شو میں شرکت کی ہے جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر کھل کر اظہار خیال کیا۔اداکارہ نے اس دوران بتایا کہ ان کی تعلیم بیرون ملک کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کے بات کرنے کا انداز اور طرز زندگی بہت مختلف ہے۔عنزیلہ عباسی نے کہا کہ مجھے میوزک سے بہت لگاؤ ہے، اگر میں کوئی خالص اپنی طرز کا گانا بناتی ہوں اور اس گانے کو صرف دو لوگ ہی پسند کرتے ہیں تو ان کے خیال میں یہ ان کی کامیابی ہے۔اداکارہ نے شو کے دوران پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے سے متعلق بھی بات کی۔عنزیلہ عباسی کا کہنا تھا کہ پاکستانی ڈراموں میں زیادہ تر خواتین کو نیچا اور کمزور دکھایا جاتا ہے، وہ ایسی نہیں ہیں، ڈرامے ساس بہو کی لڑائیوں پر مبنی ہوتے ہیں، یہ کہانیاں انہیں پسند نہیں ہیں اور وہ ان کہانیوں سے بالکل مختلف لڑکی ہیں، اسی لیے وہ ڈراموں میں کام کرنے کی ہامی نہیں بھرتیں۔معروف اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ڈرامے ان کے فن اور ہنر کے مطابق نہیں بنتے، ایسے ڈرامے ان کی اداکارانہ صلاحیتوں پر پورا نہیں اترتے۔