امریکی سیکریٹ سروس نے اقوام متحدہ اجلاس سے قبل نیویارک کو بڑے خطرے سے بچالیا

نیویارک: امریکی سیکریٹ سروس نے ایک بڑے سیکیورٹی خطرے کو ناکام بناتے ہوئے ایک لاکھ سے زائد سم کارڈز پر مشتمل نیٹ ورک کو تباہ کر دیا، جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران نیویارک کے ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم کو نشانہ بنا سکتا تھا۔
ایجنسی کے مطابق یہ سم کارڈز فون کے ذریعے دھمکیاں دینے، موبائل فون ٹاورز کو بند کرنے، موبائل سروس کو جام کرنے اور جرائم پیشہ افراد کو خفیہ بات چیت کی سہولت دینے کے لیے استعمال ہو سکتے تھے۔
سیکریٹ سروس نے بتایا کہ ضبط کیے گئے سم کارڈز اقوام متحدہ اجلاس کی جگہ سے صرف 35 میل (56 کلومیٹر) کے دائرے میں موجود تھے، اس لیے فوری کارروائی کی گئی تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔
ایجنسی کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں ان سم کارڈز کے ذریعے ان افراد سے رابطے کا پتا چلا ہے جو پہلے ہی وفاقی اداروں کی نظر میں ہیں۔ سیکریٹ سروس نے سم کارڈز اور آلات کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔