ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ عائد کردی جائیں گی، فرانسیسی صدر

فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے کہا ہے کہ ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ عائد کر دی جائیں گی۔غیرملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے کہا کہ یورپی طاقتوں کی حالیہ مذاکراتی کوششوں کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا، اسی لیے رواں ماہ کے آخر تک ایران پر پابندیاں بحال ہو جائیں گی۔میکرون نے اسرائیلی نیوز چینل 12 کو انٹرویو کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جی، ہاں میرا خیال ہے پابندیاں بحال ہو جائیں گی کیونکہ ایران کی حالیہ تجاویز سنجیدہ نہیں ہیں۔برطانیہ، فرانس اور جرمنی(ای 3) نے اگست کے آخر میں 30 روزہ مذاکراتی عمل شروع کیا تھا تاکہ ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ لگائی جاسکیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یورپی ممالک نے ایران کو ایک موقع دیا تھا کہ اگر وہ اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو دوبارہ رسائی دے، افزودہ یورینیم کی تفصیلات فراہم کرے اور امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات کرے تو پابندیوں کے عمل کو مؤخر کیا جا سکتا ہے۔