بھارت نے دریائے چناب میں پھر 8لاکھ کیوسک پانی چھوڑ دیا جس کے باعث پنجاب میں بڑے سیلاب کا خدشہ

بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پھر سے 8 لاکھ کوسک پانی بغیر اطلاع چھوڑ دیا گیا جس کے باعث پنجاب ہیڈ مرالہ کے مقام پر بڑے سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ذرائع کے مطابق بھارت نے سلال ڈیم کے تمام گیٹ کھول دیے اور پانی چھوڑنے کی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی۔دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریا اس وقت معمول کے مطابق بہہ رہا ہے لیکن اب ایک مرتبہ پھر ہیڈ مرالہ کے مقام پر بڑے سیلاب کا خدشہ ہے۔ذرائع ایریگیشن حکام کے مطابق بھارت کی جانب سے سلال ڈیم کے گیٹ کھولنے سے 8 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا پاکستان پہنچے گا۔ بھارت نے چند روز قبل بھی 9 لاکھ کیوسک کا سلابی ریلا چھوڑا تھا۔پنجاب کے تین بڑے دریاؤں راوی، چناب اور ستلج میں سیلاب سے پہلے ہی صورتحال سنگین ہے جس کے سبب ہزاروں دیہات زیر آب ہیں۔ سیلاب سے سیکڑوں مویشی ہلاک اور کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں جبکہ مختلف حادثات میں 38 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔