پشاور میں شدید بارش سے سیلابی صورتحال

پشاور میں ہوئی بارش سے نواحی علاقوں کے نالے بھپر گئے، ندی نالوں کا پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا، کشتیوں کے ذریعے 300 لوگوں کو نکالا گیا، بڈھنی نالہ میں پانی خطرے کے نشان تک پہنچنے پر قریبی رہائشیوں نے سامان محفوظ مقام پر منتقل کیا، وزیراعلیٰ نے فوری امدادی کارروائی کی ہدایت کردی۔ پشاور اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے برساتی نالے بپھر گئے، ریگی للمہ، بڈھنی، حسن گڑھی، سردار گڑھی، ورسک روڈ اور دیگر علاقے پانی میں ڈوب گئے، پانی کی سطح اس قدر بلند ہوئی کہ پانی رہائشی علاقوں میں چلا گیا۔ریگی اور ورسک روڈ پر رہائشی علاقوں میں شہری گھروں میں پھنس گئے، سیلابی علاقے سے لوگوں کو نکالنے کے لیے کشتی کا استعمال کیا گیا، ریسکیو اہلکاروں نے خیبر کے علاقوں سے شہریوں کو ریسکیو کیا، اندرون شہر کے علاوہ کوہاٹی، خیبر بازار، جہانگیر پورہ، نشترآباد، گلبہار میں بھی پانی جمع ہوگیا۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے تیز بارشوں کی وجہ سے ضلع پشاور اور خیبر کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ کے پیش نظر متعلقہ ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور ریسکیو کے اعلی حکام کو فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچنے اور ریسکیو آپریشنز کی بذات خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔