امریکا میں انگریزی زبان کی مہارت نہ رکھنے والے ٹرک ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن

امریکا میں انگریزی زبان کی مہارت نہ رکھنے والے ٹرک ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن

واشنگٹن: امریکی حکومت نے ان ٹرک ڈرائیورز کے خلاف کارروائی سخت کر دی ہے جو انگریزی زبان میں مہارت نہیں رکھتے۔
امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق ریاست کیلیفورنیا، واشنگٹن اسٹیٹ اور نیو میکسیکو کو وفاقی فنڈنگ اُس وقت تک نہیں دی جائے گی جب تک وہ کمرشل ڈرائیورز کے لیے انگریزی لازمی شرط نافذ نہیں کرتے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے غیر ملکی ٹرک ڈرائیورز پر دباؤ بڑھا دیا ہے۔ چند روز قبل امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اعلان کیا تھا کہ امریکا کمرشل ٹرک ڈرائیورز کے لیے ورک ویزا فوری طور پر روک رہا ہے۔
رواں سال اپریل میں ٹرمپ نے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے تھے جس کے تحت امریکا میں کمرشل ڈرائیورز کے لیے انگریزی مہارت کو لازمی قرار دیا گیا تھا۔
وفاقی حکام کے مطابق پچھلے دو ماہ میں کم از کم 3 ہزار ڈرائیورز امریکی ہائی ویز سے ہٹا دیے گئے کیونکہ وہ روڈ سائیڈ انگریزی ٹیسٹ میں ناکام ہوگئے تھے۔ صرف ٹیکساس میں تقریباً 350 ڈرائیورز پر پابندی لگائی گئی۔
یہ معاملہ مزید شدت اُس وقت اختیار کر گیا جب فلوریڈا میں کیلیفورنیا کے لائسنس یافتہ ٹرک ڈرائیور ہر جندر سنگھ نے غیر قانونی یو ٹرن لیتے ہوئے ایک منی وین کو کچل دیا جس میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ بعدازاں وہ انگریزی ٹیسٹ میں بھی ناکام ہوگیا۔ حکام نے اُسے غیر قانونی تارکِ وطن قرار دے کر کہا کہ اسے ہرگز لائسنس جاری نہیں ہونا چاہیے تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں