یہ وہ پاکستان نہیں جس کیلیے قربانیاں دی گئیں، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے تربیت کے لیے چین بھیجے جانے والے طلبہ کو میرٹ، امانت اور دیانت کا معیار عملی زندگی میں اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وہ پاکستان نہیں جس کے لیے قربانیاں دی گئیں، میرٹ کو اپناکر اس ملک کو عظیم بنائیں گے۔اسلام آباد میں طلبہ کو چین بھیجنے کے پروگرام سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ زراعت ہمارے لیے بیک بون ہے، ہم آج کے دور کی ضروریات پوری کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں اور آج چین سے 300 طلبہ تربیت حاصل کر کے واپس آگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی قابل اعتماد دوست ہے اور مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ تعاون کیا ہے۔وزیراعظم نے طلبہ کو تربیت کے لیے چین بھیجنے کے پروگرام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کے لیے چاروں صوبوں سے ہم نے شفاف طریقے سے انتخاب کیا ہے، اس میں بلوچستان کا کوٹہ وہاں کی آبادی سے 10 فیصد زیادہ ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ بلوچستان کو پاکستان کی ترقی کی دوڑ میں باقی صوبوں کے ہم پلہ بنانے کا عہد کیا ہے، اسی لیے نہ صرف اس طرح کے پروگرام بلکہ وفاق کے دیگر پروگراموں میں بھی بلوچستان کو اضافی حصہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد ہونہار بچے اور بچیوں کو پورے پاکستان میں لیپ ٹاپ دیں گے اور اس میں بھی بلوچستان کا حصہ 10 فیصد زیادہ ہے۔