امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان اہم ملاقات

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان الاسکا کے فوجی ایئربیس جوائنٹ بیس ایلمینڈورف-رچرڈسن (JBER) میں ہونے والی اہم ملاقات تقریباً چار گھنٹے تک جاری رہی، تاہم یوکرین جنگ بندی کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آسکا۔دونوں رہنماؤں نے بات چیت کو ’’انتہائی تعمیری‘‘ قرار دیا۔ ملاقات سے قبل صدر ٹرمپ نے ائیر فورس ون سے اتر کر سُرخ قالین پر صدر پیوٹن کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں اپنی لیموزین میں ساتھ لے کر ملاقات کی جگہ پہنچے۔ اس دوران مترجم موجود نہ تھا، تاہم صدر پیوٹن اچھی انگلش بول لیتے ہیں اس لیے دونوں رہنماؤں میں کسی حد تک ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔باضابطہ مذاکرات میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سمیت دو، دو اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ ملاقات کے آغاز میں رہنماؤں نے صحافیوں کے سوالات کے جواب دینے کے بجائے صرف فوٹو اور ویڈیو سیشن کرایا۔خبر رساں اداروں کے مطابق بات چیت میں یوکرین جنگ بندی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ صدر ٹرمپ نے جنگ بندی کے لیے اپنی خواہش کا اظہار کیا اور ایک دوسری ملاقات کی ضرورت پر زور دیا۔