غزہ میں خونریزی بھوک سے مزید اموات، ایک دن میں 111 شہید
غزہ پٹی میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 111 فلسطینی شہید ہو گئے۔ صبح سے اب تک کے فضائی حملوں میں 65 افراد کی ہلاکت نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے جبکہ 820 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔فلسطینی وزارت صحت کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق 7 اکتوبر کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 60 ہزار 332 تک پہنچ چکی ہے۔ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 47 ہزار 643 ہے جو مسلسل بڑھ رہی ہے۔اس جنگ کے ساتھ ساتھ غزہ میں انسانی المیہ بھی شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ غذائی قلت اور بھوک کے باعث مزید 7 افراد کی ہلاکت کے بعد قحط سے مرنے والوں کی تعداد 154 ہو گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق علاقے میں خوراک اور ادویات کی شدید قلت نے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔بین الاقوامی ردعمل کے طور پر فرانس نے غزہ کے لیے 40 ٹن ہنگامی امداد بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ نے بتایا کہ اردن کے راستے 10 ٹن امداد لے جانے والی چار پروازیں بھیجی جائیں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ امداد موجودہ بحران کے مقابلے میں ناکافی ہے اور عالمی براداری کو فوری طور پر مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

