ٹرمپ نے چینی صدر سے جلد ملاقات کا عندیہ دے دیا

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ ان کی چینی ہم منصب شی جن پنگ سے رواں سال کے اختتام سے قبل اہم ملاقات متوقع ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ میری چینی صدر شی جن پنگ سے جلد ملاقات متوقع ہے، غالب امکان ہے کہ یہ ملاقات سال ختم ہونے سے پہلے ہو جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ تجارتی معاملات پر پیش رفت کے لیے امریکی وزیر خزانہ کی چینی حکام سے بات چیت ہو چکی ہے، اور وہ اس مذاکراتی عمل سے مطمئن نظر آتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی وزیر خزانہ اور چینی مذاکراتی ٹیم کے درمیان ہونے والی گفتگو حوصلہ افزا ہے، اور اس کے مثبت نتائج کی توقع ہے۔
دوسری جانب روس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس نے نئی امن ڈیڈلائن پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا، جو افسوسناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کریملن نے جلد مؤقف واضح نہ کیا تو روسی معیشت کے خلاف 10 روز کے اندر نئے محصولات نافذ کر دیے جائیں گے۔
امریکی صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اب تک کریملن کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا اور اس خاموشی پر افسوس ہے۔