بنگلادیش میں ہائی اسکول کیمپس پر طیارہ گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی

ڈھاکا:بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں فضائیہ کے تربیتی طیارے کے ایک ہائی اسکول کیمپس پر گرنے کے المناک حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 27 ہو گئی ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونےو الوں میں 25 طلبہ اور طیارے کا پائلٹ بھی شامل ہیں، جب کہ 170 کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں بڑی تعداد اسکول کے طلبہ کی ہے جن کی عمریں 12 سے 16 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب ایف-7 ماڈل کا تربیتی طیارہ ٹیک آف کے فوراً بعد تکنیکی خرابی کا شکار ہوا۔
فوجی ترجمان کے مطابق پائلٹ نے طیارے کو آبادی سے دور لے جانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن بدقسمتی سے وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکا اور طیارہ براہِ راست ایک ہائی اسکول کی عمارت سے جا ٹکرایا۔
حادثے کے بعد جائے وقوع پر ریسکیو ٹیموں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں و لاشوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی ہے، جو طیارے میں خرابی کی وجوہات اور ممکنہ غفلت کا جائزہ لے گی۔