ایکوایڈور میں خوفناک ٹریفک حادثہ: دو بچوں سمیت 9 افراد ہلاک

جنوبی امریکی ملک ایکوایڈور کے مغربی علاقے میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔
حادثہ صبح 5 بجے کے قریب مانٹا اور مانٹیکریسٹی کے درمیان ہائی وے پر پیش آیا جہاں ایک پک اپ ٹرک اور ایس یو وی آپس میں آمنے سامنے ٹکرا گئیں۔
ٹریفک حکام کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ حادثے کی وجہ لین کی خلاف ورزی ہو سکتی ہے۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں دو بچے (عمر 6 اور 11 سال) بھی شامل ہیں۔
ٹریفک کمیشن کے افسر خوان کارلوس مارٹیلو کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد سے اندازہ ہوتا ہے کہ شاید کسی ایک گاڑی میں ضرورت سے زیادہ مسافر سوار تھے۔
ایکوایڈور میں ٹریفک حادثے اموات کی ایک بڑی وجہ ہیں۔ صرف جنوری سے مئی 2025 کے دوران ملک میں 4,756 حادثات ہوئے جن میں 565 افراد ہلاک ہوئے۔
2024 میں تقریباً 2,300 افراد ٹریفک حادثات میں جان کی بازی ہار گئے، جن میں سے ایک تہائی سے زائد کی وجہ ڈرائیور کی لاپرواہی یا نا تجربہ کاری تھی۔
مانٹیکریسٹی اپنے روایتی پاناما ہیٹ بنانے کے لیے عالمی شہرت رکھتا ہے، مگر یہ حادثہ مقامی اور بین الاقوامی سطح پر افسوس اور تشویش کا باعث بن رہا ہے۔