وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مخصوص نشستوں پر اراکین کی حلف برداری کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کی گورنر ہاؤس میں حلف برداری کو قانونی طور پر چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔گورنر ہاؤس میں مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف لینے کا معاملے کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔خیبرپختونخوا کے ایڈوکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمان خیل نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 65 ممبران اسمبلی سے حلف اسمبلی ہاؤس میں لینے کا کہتا ہے، اسپیکر نے ممبران سے حلف لینے سے انکار نہیں کیا بلکہ ایوان کا کورم پورا نہ ہونے پر اجلاس ملتوی کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ 24 جولائی کو اسمبلی اجلاس ہے، ایسے میں گورنر ہاؤس میں ممبران سے حلف نہیں لیا جاسکتا، آرٹیکل 255(2) میں impracticality (ناقابل عمل/ناممکن) لفظ لکھا ہے۔ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ وزیراعلی، اسپیکر صوبائی اسمبلی انکار کرے تو پھر چیف جسٹس کسی کو نامزد کرے گا، وزیراعلی اور اسپیکر نے ممبران سے حلف لینے سے انکار نہیں کیا، آج اجلاس طلب کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر ممبران کے گورنر ہاؤس میں حلف کو چیلنج کررہے ہیں اور وزیراعلیٰ کی طرف سے کل پشاور ہائیکورٹ میں غیر آئینی اقدام کے خلاف درخواست دائر کی جائے گی۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے مخصوص نشستوں کی حلف برداری کیخلاف پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص نشستوں پر گورنر ہاؤس میں حلف آئین کی خلاف ورزی ہے کیونکہ آئین کا آرٹیکل 65 واضح ہے، حلف صرف اسمبلی فلور پر ہو سکتا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسپیکر نے حلف لینے سے انکار نہیں کیا، کورم مکمل نہ ہونے پر اجلاس ملتوی ہوا، جس کے بعد 24 جولائی کو اجلاس طلب کیا ہے ایسے میں گورنر ہاؤس میں حلف لینا غیر آئینی عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی، اسپیکر صوبائی اسمبلی انکار کرے تو چیف جسٹس کسی کو نامزد کرسکتا ہے جبکہ ہم نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے آج اجلاس طلب کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ رٹ پٹیشن مکمل کر لی، آج چھٹی کے باعث ہائیکورٹ نے وصول نہیں کی، اب کل ہائیکورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔