پی ٹی آئی سینیٹ کے ناراض امیدوار قیادت کے سامنے ڈٹ گئے

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے سینیٹ میں کورنگ امیدواروں کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت کردی اور اپوزیشن سے کیے گئے معاہدے کی توثیق کی ہے دوسری جانب امیدوار ڈٹ گئے اور انہوں نے قیادت کا فیصلہ ماننے سے انکار کردیا۔تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا رات گئے اجلاس ہوا جس میں سیاسی کمیٹی کے ارکان نے بانی چیئرمین عمران خان کی جانب سے امیدواروں کی فہرست کا دفاع کیا۔سیاسی کمیٹی نے کہا کہ عرفان سلیم کی پارٹی کی خدمات کا اعتراف بانی چیئرمین کی فہرست نہیں بدل سکتا۔ سیاسی کمیٹی میں مشعال یوسفزئی پر بھی اعتراضات اٹھائے گئے لیکن بانی چیئرمین کے چناؤ کی وجہ سے انہیں امیدوار تسلیم کرلیا گیا۔سیاسی کمیٹی نے اپوزیشن کے ساتھ مفاہمتی فارمولے کی توثیق کردی مگر ناراض امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لینے کا فیصلہ نہ کرسکے۔ سیاسی کمیٹی نے ناراض امیدواروں کو کاغذات نامزدگی واپس لینے کی ہدایت کی اور فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں ناراض امیدواروں کو نوٹس دینے پر غور کیا۔